58

ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، ڈیڑھ کروڑ امریکی ڈالر برآمد

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں ڈالرز برآمد کر لیے۔

ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے کلفٹن کے علاقے سے ایک شخص بلال سلیم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھا۔

کارروائی کے دوران 55 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت) برآمد کیے گئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے موبائل فونز، دستاویزات اور دیگر شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں جو حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ملزم برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا، جس کے بعد اسے باقاعدہ طور پر گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

.ذرائع کے مطابق، ادارہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہا ہے، جبکہ کیس سے متعلق مزید انکشافات متوقع ہیں