45

غیرقانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف مقدمات درج، پناہ دینے والے پاکستانی بھی زد میں

راولپنڈی میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ایسے افغان باشندوں اور انہیں پناہ دینے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف مقدمات کا اندراج شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، تھانہ جاتلی اور تھانہ مورگاہ پولیس نے دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کیے ہیں، جن میں افغان شہری زاہد خان اور محمد امین کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، ملزمان کسی قسم کا ویزا، اجازت نامہ یا مصدقہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔ مقدمے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گھر مالکان نے کرایہ داری کا اندراج نہیں کروایا تھا، جس پر ان کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی آئندہ دنوں میں مزید تیز کی جائے گی۔