149

پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط کا آغاز

کراچی ۔پاک بحریہ کی آپریشنل مشق رباط 2018 کا آغاز کراچی میں منعقد ہونے والے افتتاحی سیشن سے ہوا۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

رباط سیریز کی مشقوں میں روایتی سے لے کر غیر روایتی تک بدلتے ہوئے کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملیوں پر غور و خوض کیا جاتا ہے۔ اس مشق میں بحیرہ عرب کے طول و عرض میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز بھی شامل ہوں گے۔ اپنے خطاب میں وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ جنگی مشقیں جدید جنگی حکمت عملی کی بنیاد ہیں جس سے مادر وطن کے دفاع کے لیے تربیت کے موقع حاصل ہوتے ہیں۔

انھوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے دشمن کی عددی برتری یا بڑھتے ذرائع سے خوف زدہ نہ ہوں اس لیے کہ اسلامی تاریخ ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں چھوٹی مسلم افواج نے اپنی بہتر حکمت عملی، اللہ پر ایمان اور اپنے منصفانہ مقصد کی بنا پر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مشق پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے جنگی اور سپورٹ ، دونوں شعبوں کے لیے پیشہ ورانہ طور پر مفید ثابت ہوگی۔

فلیٹ کمانڈ کی مختلف یونٹس سمیت اس مشق میں پاک بحریہ کی کوسٹل اور لاجسٹکس کمانڈ کے یونٹس بھی اس مشق میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس مشق میں بحری اور فضائی بیڑوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور جنگی حکمت عملیوں کو بہتر بنانے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ یہ مشق 6 مارچ 2018 تک شمالی بحیرہ عرب میں جاری رہے گی اور اس کا اختتام پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے جنگی بیڑوں کی جانب سے طاقت کے مظاہرے پر ہوگا۔