157

بلاول ہم پر تنقید سے قبل سندھ کی محرومیاں دور کریں، پرویز خٹک

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو خیبرپختونخوا کی حکومت پر تنقید کرنے سے پہلے سندھ کے عوام کی محرومیاں، پریشانیاں اور پسماندگی دور کرنی چاہیے تھی۔

جبہ داؤدزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ 2018کے عام انتخابات میں عوام مسترد شدہ سیاست دانوں کو ایک بار پھر مسترد کریں گے کیونکہ انھوں نے ہمیشہ نعروں اور وعدوں کی سیاست کرکے جھوٹ بولا اور غریب عوام سے کوئی سروکار نہیں رکھا، کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ کر اپنی تجوریاں بھریں اور بیرون ممالک سرمایہ منتقل کیا اب وہ پھرپرانے نعرے پختون، اسلام ، روٹی کپڑا، مکان، اور قائد اعظم کے پاکستان کے نعرے لے کرعوام کو دھوکا دینے آرہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سرے محل اور سوئس بینکوں کے قصے آج بھی عوام کو یاد ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں تعلیم، صحت، پولیس اور دیگر شعبوں میں سب کو مساوی مواقع اور سہولتیں میسر ہیں۔