143

پی ایس ایل فائنل؛ پشاور میں ممکنہ ہوائی فائرنگ کے خلاف پولیس متحرک

پشاور: پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پشاور پولیس متحرک ہوگئی۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

پی ایس ایل فائنل کے موقع پر پشاور سمیت دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس متحرک ہوگئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیت کی خوشی میں فائرنگ، آتش بازی اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کے فانئل میں پہنچنے پر بھی پشاور سمیت کئی علاقوں کے من چلے نوجوان سڑكوں پر نكل آئے تھے جو ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔