صارفین کی آن لائن سکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔
اس مقصد کے لیے گوگل کروم میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو اس وقت خودکار طور پر صارف کا پاس ورڈ تبدیل کر دے گا جب اس کا پاس ورڈ کسی ہیکنگ حملے کی زد میں آنے کے بعد آن لائن جاری کیا جائے گا۔
کمپنی نے اس فیچر کا اعلان گزشتہ دنوں سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کیا تھا۔
گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس فیچر کے تحت آپ کو اس وقت پاس ورڈ تبدیل کرنے کی تجویز دی جائے گی جب آپ سائن ان ہوں گے اور نئے پاس ورڈز کو بھی تجویز کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق کروم کی جانب سے ایک مضبوط متبادل پاس ورڈ تیار کرکے خودکار طور پر پرانے پاس ورڈ کو نئے سے اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا۔
اس طرح کا فیچر مختلف پاس ورڈ منیجرز میں پہلے سے موجود ہے مگر پہلی بار اسے براہ راست کروم براؤزر کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس سے آپ کو کسی الگ پروگرام کو انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اکثر صارفین کے پاس ورڈز لیکس ہوتے رہتے ہیں اور بیشتر افراد کو علم بھی نہیں ہوتا کہ ان کا پاس ورڈ ڈارک ویب میں لیک ہو چکا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ابھی فیچر کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ ڈویلپرز اپنی ویب سائٹس اور ایپس کو اس نئی تبدیلی کے لیے تیار کرسکیں جسے رواں سال کسی وقت باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ کروم کا پاس ورڈ منیجر ابھی بھی آپ کو کسی غیر محفوظ پاس ورڈ کے بارے میں آگاہ کرتا ہے، مگر ہمیں لگتا ہے کہ جب آپ کو بتایا جاتا ہے کہ پاس ورڈ کمزور ہے تو بیشتر افراد اسے تبدیل کرنے کی زحمت نہیں کرتے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسی لیے ہم پاس ورڈ کی خودکار تبدیلی کو آن لائن تحفظ کے لیے اہم ٹول کے طور پر دیکھتے ہیں اور صارفین کو بھی اس سے فائدہ ہوگا۔
مگر کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم صارفین کی اجازت کے بغیر کمزور یا ہیک ہو جانے والے پاس ورڈ کو تبدیل نہیں کریں گے، یہ اختیار صارف کے پاس ہی ہوگا۔
مگر کمپنی نے وضاحت نہیں کی کہ صارف کی اجازت کیسے حاصل کی جائے گی۔