50

ایلون مسک کی بیٹی نے فیشن ورلڈ میں قدم رکھ دیا

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی بیٹی ویوین جینا ولسن نے ماڈلنگ کی دنیا میں اپنے قدم رکھ دیے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویوین نے 15 مئی کو مشہور فیشن برانڈ 'وائلڈ فینگ' کی نئی مہم میں بطور ماڈل شرکت کی، جو شناخت، خود اعتمادی اور اظہار ذات جیسے موضوعات پر مبنی ہے۔

21 سالہ ویوین، جو ایلون مسک اور مصنفہ جسٹین ولسن کی بیٹی ہیں، نے انسٹاگرام پر اپنی ماڈلنگ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں وہ مختلف اسٹائلش لباس میں پراعتماد انداز سے جلوہ گر ہو رہی ہیں۔

ویوین نے نہ صرف ماڈلنگ کی بلکہ اس مہم کے لیے ایک خاص ٹی شرٹ بھی ڈیزائن کی ہے، جس کی آمدنی "دی ٹریور پراجیکٹ" کو دی جائے گی، جو LGBTQ+ نوجوانوں کی ذہنی صحت کے لیے کام کرتا ہے۔

برانڈ کی سی ای او ایما میکلروئے نے ویوین کو بہادری، ذہانت اور بے خوفی کی علامت قرار دیا۔

یاد رہے کہ ویوین نے 2022 میں اپنا نام اور جنس قانونی طور پر تبدیل کروا کر خبروں میں جگہ بنائی تھی۔