کراچی: 53 کروڑ روپے کے مبینہ بینک فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی ضمانت کی درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا، جو 14 مئی کو سنایا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں سماعت کے دوران ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا کہ عاطف خان بطور سی ای او کمپنی کے مالی معاملات کا انچارج تھا اور اس نے کمپنی کے فنڈز ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کیے، جو اعتماد شکنی کے مترادف ہے۔
کمپنی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزموں نے کمپنی کو بدنام کیا، فراڈ کیا اور کمپنی کو نقصان پہنچایا۔ دفاعی وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ یہ پرائیویٹ کمپنی ہے، ایف آئی اے کا دائرہ اختیار نہیں، اور مقدمے میں زیادہ سے زیادہ سزا ایک دن ہے۔
نادیہ حسین کے وکیل نے کہا کہ ان کا تعلق صرف اس لیے جوڑا گیا کہ وہ عاطف خان کی بیوی ہیں۔ تفتیشی افسر نے بھی تسلیم کیا کہ نادیہ حسین نہ ملزمہ ہیں نہ ہی مطلوب ہیں، تاہم انہیں کیس میں بینیفشری قرار دیا گیا ہے۔
