فروری 2024 میں بند ہونے والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ اب پاکستان میں دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔ جنگی صورتحال اور بیانیے کی جنگ میں مؤثر رسائی کے لیے پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کی گئی، جبکہ پاک فوج اور فضائیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔ اجلاس کی صدارت پلوشہ خان نے کی۔
پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ دشمن نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جن میں خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دینا چاہیے کہ وہ دوبارہ ایسی حرکت کرنے سے پہلے کئی بار سوچے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی ٹی اے نے ایکس پر پابندی کے خاتمے کی تصدیق کر دی ہے اور سروسز گزشتہ رات ہی بحال کر دی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے ایکس پر پابندی قومی سلامتی اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کو روکنے کے لیے لگائی تھی، جسے اب جنگی حالات کے تناظر میں ہٹایا گیا ہے۔