116

اسحاق ڈار نے خراب معیشت کی بہتر تصویر پیش کی ‘ عمران خان 

اسلام آباد۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے ہیں اور اسحاق ڈارنے معیشت سے متعلق جھوٹ بولے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے ہیں، موجودہ دورحکومت میں پاکستان کی برآمدات کم ہوئیں، ہماری بجلی اورگیس مہنگی ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹ نہیں بڑھ رہی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام پربوجھ بڑھ رہا ہے، حکومت نے ہرچیز پر سرچارج لگایا ہواہے جب کہ اسحاق ڈارنے معیشت سے متعلق جھوٹ بولے۔عمران خان نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کے دور کے بعد ہر چیز نیچے جانا شروع ہوگئی، برصغیر میں دوسرے ممالک اوپر اور ہم نیچے جارہے ہیں ،عمران خان نے نواز دور کی پرفارمنس زرداری حکومت سے بھی بری قرار دے دی۔

انہوں نے کہا حکومتی نا اہلی کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا۔ 4 سال میں 10 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا۔ انہوں نے کہا آصف زرداری کے دور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم تھیں، اب پٹرول کے ایک لیٹر پر 9 روپے اضافی دینے پڑیں گے۔عمران خان نے کہا حکومت کی نااہلی اور کرپشن نہ روکنے کی وجہ سے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، بجلی پر 3 نئے سرچارجز لگا دیئے گئے ہیں، برآمدات کم ہونے کی بڑی وجہ بجلی اور گیس کی قیمتیں زیادہ ہونا ہے۔

انہوں نے کہا درآمدات 54 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، ہم قرضے بھی لے رہے ہیں اور ریزرو بھی نیچے جا رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ٹیکس دہندگان کی تعداد کم ہوئی ہے، 10سال پہلے ٹیکس فائلرز 21 لاکھ افراد تھے لیکن آج ٹیکس فائلرز کی تعداد ساڑھے بارہ لاکھ ہے۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار نے برآمدات کا برا حال کر دیا، عام آدمی کی قوت خرید کم ہو گئی ہے، گزشتہ سال جولائی میں 71 روپے فی لیٹر پٹرول کی قیمت تھی جو اب 95 روپے پر پہنچ گئی۔