15

ٹک ٹاک میں مقامات کے ریویوز کا فیچر متعارف، گوگل میپس کو ٹکر دینے کی تیاری

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی جانب سے ایک نیا اور انقلابی فیچر متعارف کروایا گیا ہے جس کا مقصد گوگل میپس اور سرچ انجنز کو براہ راست چیلنج کرنا ہے۔ اب صارفین کسی مقام کے بارے میں ویڈیو کے اندر ہی ریویوز، اسٹار ریٹنگز اور تصاویر دیکھ سکیں گے۔

یہ نیا فیچر فی الحال مخصوص صارفین کے لیے آزمائشی بنیادوں پر متعارف کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں جب کوئی صارف کمنٹس پر کلک کرتا ہے، تو "ریویوز" کے نام سے ایک علیحدہ ٹیب دکھائی دیتی ہے جہاں وہ اس مقام سے متعلق دیگر صارفین کی آراء اور تصاویر ملاحظہ کر سکتا ہے۔

مثال کے طور پر اگر کوئی ویڈیو نیویارک کے سینٹرل پارک سے متعلق ہو، تو کمنٹس میں موجود "ریویوز" ٹیب میں پارک سے متعلق درجہ بندی، تجربات اور تصاویر دستیاب ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ریویو دینے والے صارفین کی پروفائلز پر بھی کلک کر کے جایا جا سکتا ہے۔

یہ فیچر گوگل کی بالادستی کو براہ راست چیلنج کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے۔ ماضی میں گوگل کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا تھا کہ نوجوان صارفین سرچ کے لیے ٹک ٹاک کو گوگل پر ترجیح دے رہے ہیں۔ اب ٹک ٹاک کی جانب سے امیج سرچ، لوکیشن ریویوز، اور شارٹ انفارمیشن فیچرز اسے سرچ انجن کے شعبے میں ایک بڑا کھلاڑی بنا رہے ہیں۔

ٹیک ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ٹک ٹاک اس فیچر کو عالمی سطح پر کامیابی سے متعارف کرا دیتا ہے، تو آنے والے دنوں میں گوگل کے روایتی سرچ ماڈلز کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔