دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھنا چاہتے ہیں تو بس چہل قدمی کی رفتار بڑھا دیں۔ جی ہاں! سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ تیز چہل قدمی دل کو فالج، ہارٹ فیلیئر اور اچانک موت جیسے خطرات سے بچا سکتی ہے۔
برطانیہ میں کی گئی اس تحقیق میں 4 لاکھ سے زائد افراد کا جائزہ لیا گیا۔ جن لوگوں کی رفتار 4 میل فی گھنٹہ سے زیادہ تھی، ان میں دل کی دھڑکن بے قابو ہونے کے امکانات 40 فیصد تک کم تھے۔ حتیٰ کہ درمیانی رفتار سے چلنے والوں کو بھی دل کی بیماریوں سے خاصا تحفظ حاصل ہوا۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تیز قدمی موٹاپے اور جسم میں ورم جیسے مسائل سے بھی نجات دلاتی ہے، جو دل کے دشمن بن جاتے ہیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مزید تحقیق کی ضرورت ہے، لیکن یہ حقیقت سامنے آ چکی ہے کہ روزانہ تیز چلنے کی عادت ایک آسان اور مفت دوا جیسی ہے، جو آپ کے دل کو لمبے عرصے تک صحت مند رکھ سکتی ہے۔