111

ٹک ٹاک کی مالک کمپنی کا مصنوعی ذہانت والے اسمارٹ چشمے تیار کرنے کا فیصلہ

ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس مصنوعی ذہانت سے لیس اسمارٹ گلاسز تیار کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق، کمپنی دو نئے اسمارٹ گلاسز کی تیاری میں مصروف ہے جن کا مقصد ویڈیو اور تصویر ریکارڈنگ کو نئے انداز میں متعارف کرانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، یہ بائیٹ ڈانس کا پہلا منصوبہ نہیں جس میں اے آئی کا استعمال ہو رہا ہو، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کمپنی بڑے پیمانے پر کسی اے آئی ڈیوائس کو مارکیٹ میں لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

کمپنی کی توجہ اسمارٹ گلاسز کی کیمرا کوالٹی اور بیٹری لائف پر مرکوز ہے، تاکہ صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ منصوبے پر باقاعدہ کام 2024 میں شروع ہوا تھا اور اس وقت کمپنی مختلف سپلائرز سے فیچرز کو حتمی شکل دینے کے لیے رابطے میں ہے۔

یاد رہے کہ بائیٹ ڈانس اور کوالکوم نے وی آر ٹیکنالوجی کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا تھا، اور اب یہ تعاون اسمارٹ گلاسز کے شعبے میں بھی متوقع ہے۔