پاکستانی ٹی وی اینکر رابعہ انعم نے حالیہ انٹرویو میں شوبز انڈسٹری کے ایک ایسے حساس پہلو پر روشنی ڈالی ہے جس پر اکثر خاموشی اختیار کی جاتی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کئی معروف شخصیات اپنی بیویوں پر گھریلو تشدد کرتی ہیں، تاہم سماجی دباؤ اور شہرت کے خوف سے یہ معاملات منظر عام پر نہیں آتے۔
رابعہ انعم کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر ایسے کئی جوڑوں کو جانتی ہیں جہاں خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہیں، مگر وہ بولنے سے قاصر ہیں۔ ان کا کہنا تھا، "میری پوزیشن ہمیشہ واضح رہی ہے، میں کسی ایسے مرد کے ساتھ کھڑی نہیں ہو سکتی جس پر تشدد کا الزام ہو۔"
انہوں نے اپنے ایک پرانے واقعے کا حوالہ بھی دیا جب انہوں نے ایک مارننگ شو چھوڑ دیا تھا کیونکہ اس میں ایک ایسے مہمان کو بلایا گیا تھا جس پر تشدد کا الزام تھا۔ رابعہ نے واضح کیا کہ یہ ذاتی نہیں بلکہ اصولی مؤقف ہے۔
رابعہ نے کسی مخصوص شخص کا نام نہیں لیا، مگر ان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ صارفین نے سابقہ الزامات کو یاد کرتے ہوئے فیروز خان اور محسن عباس حیدر کے معاملات کا ذکر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک متاثرہ خواتین خود سامنے آکر بات نہ کریں، وہ کسی پر الزام نہیں لگائیں گی۔ ان کے مطابق معاشرے کو اس مسئلے پر سنجیدگی سے بات کرنا ہوگی تاکہ متاثرہ خواتین خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔