واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹک ٹاک کو امریکا میں اپنے آپریشنز فروخت کرنے کے لیے مزید 75 دن کی مہلت دے دی ہے۔ اس فیصلے کے مطابق، اگر ٹک ٹاک نے اس عرصے میں اپنے امریکا کے آپریشنز کسی امریکی کمپنی کو فروخت نہ کیا تو اس پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
ٹروتھ سوشل پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ ٹک ٹاک کے حوالے سے معاہدے کی تکمیل کے لیے کام کر رہی ہے، اور اس معاملے میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے۔ لیکن معاہدہ مکمل ہونے میں وقت درکار ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کو مزید وقت دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا کہ وہ ٹک ٹاک پر پابندی نہیں لگانا چاہتے اور چین کے ساتھ اچھے معاہدے کی توقع رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایمازون سمیت کئی کمپنیاں ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز خریدنے کی کوشش کر رہی ہیں۔