121

اینٹی ڈپریسنٹس ادویات موت کے امکانات بڑھا سکتی ہیں، نئی تحقیق

ایک نئی بین الاقوامی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وہ افراد جو دل کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں، اگر ڈپریشن کا بھی شکار ہوں تو ان کے لیے اچانک دل کی خرابی سے موت (SCD) کا خطرہ کہیں زیادہ ہو جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نہ صرف ڈپریشن بذاتِ خود SCD کے امکانات کو بڑھاتا ہے بلکہ بعض اینٹی ڈپریسنٹ ادویات بھی ایسے قلبی مسائل پیدا کر سکتی ہیں جو مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان مسائل میں اچانک دل کا بند ہو جانا، دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی (ایٹریل فبریلیشن) اور فالج جیسے خطرات شامل ہیں۔

یہ تحقیق ڈنمارک کے ایک اسپتال کے امراض قلب کے شعبے میں جیسمین مجکانووچ کی زیر نگرانی کی گئی، جنہوں نے اس تحقیق کو یورپی سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی حالیہ سائنسی کانفرنس میں پیش کیا۔

جیسمین کے مطابق، اگرچہ اینٹی ڈپریسنٹس ڈپریشن کے مریضوں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، تاہم ان کے استعمال سے دل کے مریضوں میں خطرات بڑھ سکتے ہیں، خاص طور پر جب وہ دیگر کارڈیالوجیکل بیماریوں کا بھی شکار ہوں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق طبی دنیا کے لیے ایک انتباہ ہے کہ اینٹی ڈپریسنٹس تجویز کرتے وقت مریض کی قلبی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے اور اگر ممکن ہو تو متبادل طریقہ علاج اختیار کیا جائے۔