120

گنج پن کے مؤثر علاج کے لیے سائنسدانوں کی کامیاب تحقیق

دنیا بھر میں گنج پن سے متاثر افراد ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی بھی علاج 100 فیصد مؤثر ثابت نہیں ہوا۔ تاہم، آسٹریلیا، سنگاپور اور چین کے ماہرین کی ایک نئی تحقیق سے امید پیدا ہوئی ہے کہ مردوں میں عام گنج پن کے مرض الوپ پیسا کا مؤثر علاج ممکن ہو سکے گا۔ اس بیماری میں سر کے درمیان سے بال جھڑنا شروع ہو جاتے ہیں اور یہ سلسلہ پورے سر تک پھیل جاتا ہے۔

ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ بالوں کی جڑوں میں موجود ایچ ایف ایس سی نامی اسٹیم سیلز کے لیے ایم سی ایل 1 پروٹین نہایت ضروری ہے۔ یہ پروٹین بالوں کی دوبارہ نشوونما اور مرمت میں مدد فراہم کرتا ہے۔ تاہم، اس پروٹین کے بغیر یہ اسٹیم سیلز تناؤ کا شکار ہو کر تباہ ہونے لگتے ہیں، جس کے نتیجے میں گنج پن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ محققین نے چوہوں پر تجربات کے ذریعے یہ ثابت کیا کہ ایم سی ایل 1 کے ختم ہونے سے بالوں کی جڑیں متاثر ہو کر بالوں کا جھڑنا شروع کر دیتی ہیں۔ مگر ایم سی ایل 1 کو دوبارہ متحرک کرنے سے بالوں کی دوبارہ نشوونما ممکن ہو گئی۔

محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ ایم سی ایل 1 اور پی 53 پروٹین کے درمیان تعلق بالوں کی جڑوں کو مرنے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع کیے گئے ہیں، اور مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔