118

سینٹ اپوزیشن لیڈر ٗ جماعت اسلامی کی اعظم سواتی کی حمایت

اسلام آباد۔جماعت اسلامی نے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار اعظم سواتی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ بدھ کو پاکستان تحریک انصاف کے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے نامزد امیدوار سینیٹر اعظم سواتی نے جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اس موقع پر جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ یعقوب بھی موجود تھے۔

ملاقات میں سینیٹر اعظم خان سواتی نے جماعت اسلامی سے قائد حزب اختلاف کے لئے حمایت مانگی جس پر جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے انہیں اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ جس پر سینیٹر اعظم خان سواتی نے جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے شیری رحمن کو نامزد کیا گیا ہے اور شیری رحمن کو 104 سینیٹرز میں سے 33کی حمایت حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ اسے اپنے 12 سینیٹرز سمیت ایم کیو ایم‘ بلوچستان سے آزاد اور فاٹا کے سینیٹرز کی حمایت حاصل ہے۔