209

جنت مرزا کا ڈراموں میں کام نہ کرنے کا انکشاف

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی مشہور ٹک ٹاکر اور اداکارہ جنت مرزا نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈراموں میں کام کرنے سے کیوں گریز کرتی ہیں۔

معروف فلم ساز سید نور کی فلم تیرے باجرے دی راکھی سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی جنت مرزا کو مقبول ڈرامے پری زاد اور ہم کہاں کے سچے تھے میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، مگر انہوں نے انکار کر دیا۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں اپنے خاندان کے ہمراہ شرکت کے دوران جنت مرزا نے بتایا کہ وہ ڈراموں میں کام اس لیے نہیں کرتیں کیونکہ زیادہ تر ڈراموں کی شوٹنگ کراچی میں ہوتی ہے، اور انہیں ہوائی جہاز میں سفر کرنے سے خوف آتا ہے۔ اس لیے وہ بار بار کراچی آنے جانے سے قاصر ہیں۔

جنت مرزا کا مزید کہنا تھا کہ ڈرامے سائن کرنا ایک طویل مدتی ذمہ داری ہوتی ہے اور وہ ابھی خود کو اس کے لیے تیار نہیں سمجھتیں۔ جب ان سے کراچی منتقل ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین فیصل آباد میں رہنا پسند کرتے ہیں اور وہ کراچی جانے کے خواہشمند نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ جنت مرزا پاکستان کی مقبول ترین ٹک ٹاکر ہیں اور انسٹاگرام پر بھی ان کے لاکھوں فالوورز موجود ہیں۔ ان کی بہن علشبہ انجم بھی ایک معروف سوشل میڈیا اسٹار ہیں، اور دونوں بہنیں نہ صرف ٹک ٹاک ویڈیوز میں مقبول ہیں بلکہ مختلف برانڈز اور مصنوعات کی تشہیر بھی کرتی نظر آتی ہیں۔