106

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے: وجوہات اور بچاؤ کے آسان طریقے

آںکھوں کے نیچے سیاہ حلقے ایک عام مسئلہ ہیں، جو اکثر لوگوں کے چہرے کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں۔ عمومی طور پر انہیں نیند کی کمی اور تھکن سے جوڑا جاتا ہے، مگر اس کی کئی دیگر وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق نیند کی کمی کے باعث جلد کی رنگت زرد پڑ جاتی ہے، جس کی وجہ سے جلد کے نیچے موجود خون کی شریانیں زیادہ واضح ہو کر سیاہ حلقوں کی صورت میں نظر آنے لگتی ہیں۔ اسی طرح عمر میں اضافے سے جلد کی موٹائی گھٹنے لگتی ہے اور آنکھوں کے نیچے حلقے مزید نمایاں ہونے لگتے ہیں۔

اس کے علاوہ زیادہ دیر تک اسکرین دیکھنے، الرجی، پانی کی کمی اور سورج کی روشنی میں زیادہ گھومنے سے بھی یہ حلقے بن سکتے ہیں۔ بعض اوقات یہ خاندانی وراثت کے نتیجے میں بھی ظاہر ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاہ حلقوں کو کم کرنے کے لیے متوازن غذا، نیند کی مکمل مقدار اور زیادہ پانی پینا ضروری ہے، تاہم اگر مسئلہ زیادہ بڑھ جائے تو کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوگا۔