179

اداکارہ مایا علی نے شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی

پاکستانی اداکارہ مایا علی نے شادی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی دباؤ میں آکر شادی نہیں کریں گی بلکہ صحیح وقت اور صحیح انسان کا انتظار کریں گی۔

رمضان کے ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کے دوران میزبان نے ان سے ان کی شادی کے بارے میں سوال کیا، جس پر اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ ہر نماز میں ان کے لیے دعا کرتی ہیں کہ وہ جلد شادی کرلیں، لیکن وہ صرف اس لیے شادی نہیں کرسکتیں کہ لوگ یہ سوال اٹھا رہے ہیں۔

مایا علی کا کہنا تھا کہ شادی کا وقت قدرت نے مقرر کیا ہوتا ہے، اور جب وہ وقت آئے گا، سب کچھ خود ہی ٹھیک ہو جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بھائی کی شادی کے موقع پر ان سے کئی بار سوال کیا گیا کہ ان کی شادی کیوں نہیں ہوئی، جو ان کے لیے حیران کن تھا۔

مایا علی نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جو ان کی والدہ کا احترام کرے، ان کے کام کو سمجھے اور عورت کو وہ عزت دے جس کی وہ حقدار ہے۔