12

واٹس ایپ میں صارفین کے لیے اہم تبدیلیاں متعارف


میٹا کے زیر انتظام واٹس ایپ نے اسپام میسجز کو کنٹرول کرنے کے لیے کچھ بڑے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اب انفرادی اور کاروباری صارفین کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی تعداد کو محدود کیا جا رہا ہے تاکہ ایپ میں غیر ضروری پیغامات کی بھرمار کم کی جا سکے۔

آنے والے چند ہفتوں میں انفرادی صارفین کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی تعداد کو محدود کرنے کی آزمائش کی جائے گی۔ ہر ماہ ایک حد مقرر کی جائے گی، جیسے کہ 30 پیغامات بھیجنے کی اجازت دینا۔ اگر کوئی صارف مزید پیغامات بھیجنا چاہتا ہے تو اسے اسٹیٹس یا چینلز کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بزنس اکاؤنٹس کے لیے بھی ایسے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ فی الحال، واٹس ایپ بزنس صارفین کو لامحدود براڈ کاسٹ میسجز مفت بھیجنے کی اجازت ہے، لیکن مستقبل میں پیڈ ورژن کے ساتھ اضافی فیچرز بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

میٹا آنے والے مہینوں میں براڈ کاسٹ میسجز کے نئے حسب ضرورت آپشنز کی آزمائش کرے گا، جنہیں کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ آزمائشی مرحلے کے دوران، کاروباری اکاؤنٹس 250 پیغامات تک مفت بھیج سکیں گے، جبکہ اضافی میسجز کے لیے ایک فیس مقرر کی جائے گی۔

واٹس ایپ بزنس ایپ کے لیے لوگو کی تبدیلی سمیت دیگر اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔