157

ٹک ٹاک نے سیکیورٹی سیٹنگز کو مزید آسان بنا دیا

معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے صارفین کے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کو مزید بہتر اور آسان بنانے کے لیے نیا سیکیورٹی ہب متعارف کرا دیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کو ایک ہی جگہ مانیٹر اور کنٹرول کر سکیں گے، جبکہ سیکیورٹی سیٹنگز کو اپنی ضروریات کے مطابق پرسنلائز بھی کیا جا سکے گا۔

ٹک ٹاک کے مطابق سیکیورٹی چیک اپ نامی اس ہب میں صارفین کو مختلف آپشنز دیے گئے ہیں، جن میں ٹو فیکٹر اتھینٹیکیشن، پاس کیز، لاگ ان ڈیوائسز کی تفصیلات اور مشتبہ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ شامل ہے۔

یہ نیا فیچر صارفین کو کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے آگاہ رکھنے میں مدد دے گا اور ان کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ٹپس بھی فراہم کرے گا۔

ٹک ٹاک نے حالیہ دنوں میں پیرنٹل کنٹرول کے فیچرز بھی متعارف کرائے ہیں تاکہ والدین اپنے کم عمر بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں۔