ایف بی آئی نے امریکا بھر میں بڑھتے ہوئے سائبر حملوں کے بارے میں خبردار کیا ہے، جو شہریوں کو "اسمشنگ" ٹیکسٹس کے ذریعے نشانہ بنا رہے ہیں۔ یہ حملے نہ صرف مالی نقصان کا باعث بن رہے ہیں بلکہ حساس معلومات کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
"اسمشنگ" حملے دراصل جعلی ٹیکسٹ پیغامات پر مبنی ہیں، جن کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دے کر ان کی ذاتی اور مالی معلومات چرا لی جاتی ہیں۔ سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، ان حملوں میں زیادہ تر جعلی واجب الادا بلز اور جعلی ڈیلیوری الرٹس شامل ہوتے ہیں، جو صارفین کو لنک پر کلک کرنے کے لیے مجبور کرتے ہیں۔
یہ لنکس کلک کرنے پر صارفین کو ایک جعلی ادائیگی کے پورٹل پر لے جاتے ہیں، جہاں ان سے مزید مالی تفصیلات طلب کی جاتی ہیں۔ اکثر اوقات یہ پیغامات اس طرح تیار کیے جاتے ہیں کہ صارفین انہیں حقیقی سمجھ بیٹھتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے ایک نیا حربہ اپنایا ہے، جس میں ایپل کے iMessage کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے صارفین کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ URL کو کاپی کر کے براہ راست براؤزر میں پیسٹ کریں۔ اس طرح ان کا پتہ لگانا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
ایف بی آئی اور سائبر سیکیورٹی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک پیغام کو فوری طور پر ڈیلیٹ کریں اور لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔ مزید برآں، کسی بھی قسم کے مالی نقصان کی صورت میں فوری طور پر بینک سے رابطہ کریں اور سائبر فراڈ کی رپورٹ کریں۔