4

شادی کے بعد مردوں کو درپیش حیران کن نقصان بے نقاب

شادی کے بعد مردوں میں موٹاپے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ خواتین میں اس کا کوئی خاص اثر نہیں ہوتا۔ پولینڈ کی ایک طبی تحقیق کے مطابق، شادی شدہ مردوں میں وزن بڑھنے کا امکان غیر شادی شدہ مردوں کے مقابلے میں 3.2 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں 2405 افراد کے میڈیکل اور عمومی صحت کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جن کی اوسط عمر 50 سال تھی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ شادی کے بعد مردوں میں جسمانی وزن میں اضافے کا امکان 62 فیصد اور خواتین میں 39 فیصد تک ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، شادی کے بعد مردوں کے وزن میں اضافے کی وجوہات میں زیادہ کھانا اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی شامل ہیں۔ برطانیہ کی باتھ یونیورسٹی کی تحقیق نے بھی اس کی تصدیق کی، جس کے مطابق شادی شدہ مردوں کا وزن غیر شادی شدہ مردوں سے اوسطاً 1.4 کلوگرام زیادہ ہوتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ عوامل صرف خواتین میں وزن بڑھاتے ہیں، جیسے صحت کے حوالے سے علم نہ ہونا، جو موٹاپے کے خطرے کو 43 فیصد تک بڑھا دیتا ہے، جبکہ مردوں میں اس سے کوئی خاص اثر نہیں پڑتا۔

محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ عمر، سماجی رویے، نفسیاتی عوامل اور ماحولیاتی تبدیلیاں مردوں میں موٹاپے کے اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔