جڑواں اداکارہ بہنوں ایمن خان اور منال خان نے اپنے وزن میں کمی کا راز بتا دیا۔ حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے، انہوں نے شادی کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور بچوں کی پیدائش کے بعد وزن میں کمی کے طریقے پر گفتگو کی۔ ایمن خان نے کہا کہ وہ اپنی پہلی بیٹی امل کی پیدائش سے پہلے اور بعد میں موٹی ہو گئی تھیں، لیکن موٹاپا ان کے جین میں ہے اور وہ بچپن سے اس کا سامنا کرتی آئی ہیں، اس لیے انہوں نے با آسانی وزن کم کر لیا۔
ایمن خان اور منال خان نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کی پیدائش کے بعد وزن کم کرنے کے لیے جِم نہیں جوائن کیا بلکہ اپنی عادات اور کھانے پینے میں تبدیلیاں کر کے گھر پر ہی وزن کم کیا۔ جڑواں بہنوں نے کہا کہ جو خواتین وقت کی کمی اور مصروفیات کی وجہ سے جِم نہیں جا سکتیں، وہ گھر پر متحرک رہنے اور ورزش کرنے کی کوشش کریں تو وزن کم کر سکتی ہیں۔
ایمن خان نے بتایا کہ وہ کھانے پینے میں احتیاط کرتی ہیں، روغن والے کھانے اور میٹھے سے پرہیز کرتی ہیں اور روزانہ آدھا یا 1 گھنٹہ ورزش اور چہل قدمی کرتی ہیں، جس سے انہیں وزن کم کرنے میں مدد ملی۔ منال خان نے کہا کہ اگر وزن کم کرنا ہے تو باہر کے کھانے جیسے برگر، پیزا وغیرہ چھوڑنا ہوگا اور گھر کے کھانے کو اعتدال پسندی کے ساتھ کھا کر بھی وزن کم کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے فینسی ڈائٹ کی ضرورت نہیں۔