197

فلم میں کام کے بدلے نامور ہدایتکاروں کی غیر اخلاقی ڈیمانڈز؛ انکیتا لوکھنڈے کا انکشاف

بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک اور تہلکہ خیز انکشاف، اداکارہ انکیتا لوکھنڈے نے کاسٹنگ کاؤچ کے بارے میں بڑے راز فاش کر دیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ انکیتا لوکھنڈے نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں انہیں کاسٹنگ کاؤچ اور غیر اخلاقی پیشکشوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ بڑے اور معروف ہدایتکار نئے آنے والے اداکاروں کو فلم میں کردار دینے کے بدلے ناجائز تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔

انکیتا نے بتایا کہ انہیں بھی ایک بڑے فلم ڈائریکٹر نے فلم میں کردار دینے کے بدلے رات ساتھ گزارنے کی شرط رکھی تھی، تاہم انکیتا نے اس غیر اخلاقی پیشکش کو مسترد کر دیا۔ انکیتا نے کہا کہ اس انکار کے بعد انہیں انڈسٹری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی لوگوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے بھی کرنے پڑے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں موجود کچھ "کالی بھیڑیں" نئے ٹیلنٹ کے ساتھ نازیبا رویہ اپناتی ہیں اور ان کے خوابوں کو چکناچور کرتی ہیں۔ انہوں نے نوجوان اداکاراؤں کو خبردار کیا کہ وہ ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں اور اپنے عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔