101

سلمان خان نے فلم "سکندر" کے لیے کتنے کروڑ معاوضہ لیا؟ حیران کن انکشاف

 بالی ووڈ کے دبنگ سپرسٹار سلمان خان کی نئی فلم "سکندر" ریلیز کے قریب ہے جس میں وہ رشمیکا مندانا کے ساتھ پہلی بار سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ سلمان خان کی یہ نئی فلم "سکندر" اس عید پر ریلیز ہونے جارہی ہے، فلم کے ٹیزر اور پہلے گانے "زہرہ جبین" کی ریلیز کے بعد شائقین میں بہت زیادہ جوش و خروش پایا جا رہا ہے، اس گانے میں سلمان خان اور رشمیکا مندانا کی کیمسٹری کو مداحوں کی جانب سے پسند کیا جا رہا ہے۔

"سکندر" کی ہدایات اے آر مروگاداس دے رہے ہیں، اور سلمان خان نے اس فلم کے لیے 120 کروڑ روپے معاوضہ لیا ہے، جبکہ فلم کا مجموعی بجٹ 400 کروڑ روپے ہے۔ رشمیکا مندانا کو اس فلم کے لیے 5 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں جبکہ کاجل اگروال کو 3 کروڑ روپے معاوضہ دیا گیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا نے فلم کے او ٹی ٹی، ٹیلی ویژن اور میوزک رائٹس کی فروخت سے 165 کروڑ روپے حاصل کر لیے ہیں۔ اس کے علاوہ، نیٹ فلکس نے اس فلم کے اسٹریمنگ رائٹس 80 کروڑ روپے میں خریدے ہیں، اور اگر فلم کی باکس آفس پر کمائی 350 کروڑ روپے سے تجاوز کر جاتی ہے تو یہ ڈیل 100 کروڑ روپے تک جا سکتی ہے۔

فلم کا پہلا گانا "زہرہ جبین" 2 منٹ اور 43 سیکنڈ پر مبنی ہے، جس میں سلمان خان نے اپنے آئیکونک ڈانس اسٹیپ بھی پیش کیے ہیں۔ فلم "سکندر" کے ایک منٹ 41 سیکنڈ کے ٹیزر میں سلمان خان ایک کمرے میں داخل ہوتے ہیں جہاں وہ اپنی طاقتور شخصیت کا اظہار کرتے ہیں، اس کے بعد کہتے ہیں "سنا ہے بہت لوگ میرے پیچھے پڑے ہیں، بس میرے مڑنے کی دیر ہے۔"