بھارتی فلموں کے دیوانے آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر اب عملی طور پر فلمی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ ان کی بھارتی سنیما سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، خصوصاً تیلگو فلموں اور سپر اسٹار الو ارجن کی فلموں سے۔
تاہم، مداحوں کی توقعات کے برخلاف وارنر اپنا فلمی ڈیبیو الو ارجن کی فلم میں نہیں بلکہ وینکی کُڈومُلا کی ہدایت کاری میں بننے والی تیلگو فلم "رابن ہُڈ" میں کریں گے، جس میں نیتن اور سری لیلا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، میتری موویز کے پروڈیوسر روی شنکر نے تصدیق کی ہے کہ وارنر اس فلم میں ایک زبردست مہمان کردار (کیمیو) ادا کریں گے۔ ایونٹ کے دوران، جب اینکر نے فلم سے متعلق تفصیلات معلوم کیں، تو پہلے پروڈیوسر ہچکچائے، مگر نیتن کے اشارے پر انہوں نے وارنر کی موجودگی کی تصدیق کردی۔
یہ اطلاعات اس وقت مزید تقویت پکڑ گئیں جب ستمبر 2024 میں آسٹریلوی میڈیا نے وارنر کی ایک بھارتی فلم کے سیٹ سے تصاویر لیک کیں، جس میں وہ میلبرن میں شوٹنگ کے دوران نظر آئے۔
وارنر کے کرکٹ سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے پر ان کے مداح بے حد پرجوش ہیں اور دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ اس نئی اننگز میں کیسا پرفارم کرتے ہیں۔