واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا زبردست فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جو کالنگ کے تجربے کو پہلے سے زیادہ آسان اور مؤثر بنا دے گا۔ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب اس نئے فیچر کے تحت، انفرادی اور گروپ چیٹس میں ایک نیا کالنگ مینیو شامل کیا جا رہا ہے۔
اس اپڈیٹ کے بعد، چیٹ ونڈو میں موجود وائس اور ویڈیو کال کے الگ الگ بٹنز کو ختم کر کے ایک سنگل بٹن میں ضم کر دیا جائے گا۔ جیسے ہی صارف اس بٹن پر کلک کرے گا، ایک مینیو اوپن ہوگا جس میں وہ وائس یا ویڈیو کال کا انتخاب کر سکے گا۔
یہی نہیں، بلکہ اس نئے مینیو میں ایک ایسا آپشن بھی ہوگا جس کے ذریعے صارفین فوری طور پر کال لنک بنا کر دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے، جس سے گروپ کال میں دوسروں کو شامل کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے گا۔
یہ نیا فیچر گروپ کالنگ کے حوالے سے بھی بڑی تبدیلیاں لائے گا، جس کے تحت صارفین کسی بھی گروپ میں موجود تمام افراد کو کال کرنے کے بجائے مخصوص افراد کو منتخب کرکے انہیں کال کر سکیں گے۔
دسمبر 2024 میں بھی واٹس ایپ نے ویڈیو اور آڈیو کالنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے تھے، جن میں ویڈیو کالنگ ایفیکٹس اور ڈیسک ٹاپ ورژن میں اپڈیٹس شامل تھیں۔ اس نئے اپڈیٹ سے واٹس ایپ کالنگ کا تجربہ مزید بہتر ہو جائے گا۔