سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے یوٹیوب پر ڈیلی وی لاگنگ کرنے والے یوٹیوبرز اور ان کے ناظرین کے رجحان کو حیرت کی نظر سے دیکھا ہے۔
رمضان ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ یہ جان کر حیران ہیں کہ ایسے کانٹینٹ پر لوگ بے انتہا توجہ دیتے ہیں جو محض روزمرہ زندگی کے عام معمولات دکھاتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے مذاقاً کہا کہ ہمیں تو یہ تک معلوم نہیں کہ یہ یوٹیوبرز کون ہیں اور انہیں کہاں دیکھا جائے۔ میں نے کچھ یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کو ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن سمجھ نہیں آیا کہ یہ سب کون لوگ ہیں اور انہیں دیکھنے والے کون ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ حقیقت میں یوٹیوبرز سے زیادہ ان کو دیکھنے والوں کی دلچسپی پر حیرت ہوتی ہے، کیونکہ وہ عام زندگی کو اس قدر دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں جیسے کوئی بہت خاص چیز ہو۔