ایپل نے اپنی اسمارٹ فون سیریز میں ایک نیا اضافہ کرتے ہوئے کم قیمت آئی فون 16 ای کو 59 ممالک میں فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ نیا ماڈل آسٹریلیا، کینیڈا، چین، جرمنی، بھارت، جاپان، جنوبی کوریا، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سمیت درجنوں ممالک میں دستیاب ہے۔
جدید چِپ اور طاقتور پرفارمنس
آئی فون 16 ای کو اس کے منفرد A18 چپ سیٹ کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، جو تیز ترین پروسیسنگ اور بہتر بیٹری پرفارمنس فراہم کرے گا۔ اس فون کا ڈیزائن فرنٹ سے آئی فون 14 جبکہ بیک سے آئی فون 8 سے مشابہت رکھتا ہے۔
سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے زبردست فیچرز
ایپل نے پہلی بار C1 موڈیم متعارف کرایا ہے جو سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی SOS، روڈ سائیڈ اسسٹنس، میسجز اور Find My Via جیسی خصوصیات فراہم کرے گا، جو دور دراز علاقوں میں انتہائی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ایپل کی حکمت عملی
کم قیمت ماڈل متعارف کروا کر ایپل نے ان صارفین کو بھی اپنی مارکیٹ میں شامل کرنے کی کوشش کی ہے جو مہنگے ماڈلز افورڈ نہیں کر سکتے۔ یہ نیا ماڈل کمپنی کی مڈ رینج مارکیٹ میں مضبوط گرفت بنانے کا ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔