مائیکرو سافٹ نے میجورانا 1 نامی چپ متعارف کرائی ہے جس کے بارے میں اس کا ماننا ہے کہ یہ کوانٹم کمپیوٹنگ کے شعبے کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس چپ کی تیاری کے لیے برسوں سے تحقیقی کام کیا جا رہا تھا۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی پہلی کوانٹم چپ ہے جو نئے ٹوپولوجیکل کور آرکیٹیکچر سے لیس ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ میجورانا کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والا میٹریل ٹھوس، سیال یا گیس پر مبنی نہیں بلکہ یہ ایک بالکل نئی قسم کا مادہ ہے۔
مائیکرو سافٹ کے مطابق ہم نے برسوں تک کام کرکے ایک نئی قسم کا مادہ تیار کیا اور یہ دریافت کیا کہ یہ میٹریل بہت زیادہ ٹھنڈا ہے اور اس سے ہم نئی قسم کے ذرات تیار کرسکتے ہیں جن کو ہم نے میجورانا پارٹیکل کا نام دیا ہے۔
کمپنی کے کوانٹم کمپیوٹنگ شعبے کے نائب صدر زلفی عالم کے مطابق ہم نے نہ صرف ان ذرات کو پیش کیا ہے بلکہ ان پر مبنی ڈیوائسز جیسے ایک بالکل نئی چپ تیار کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے میٹریل پر مبنی چپ انسانی ہتھیلی سے بھی چھوٹی ہے اور اسے کوانٹم کمپیوٹنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ چپ لاکھوں کروڑوں qubits پر مشتمل ہوگی جس سے کمپیوٹر کی پراسیسر پاور بڑھ گئی ہے۔
زلفی عالم کے مطابق اس چپ کی مدد سے ہم ایسی ڈیوائس تیار کرسکیں گے جسے کسی قسم کے بیرونی نیٹ ورکنگ کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ خودمختار یونٹ کے طور پرکام کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت اس چپ پر مبنی ڈیوائس ایسی ہوگی جیسے پوری دنیا آپ کی ہتھیلی میں سما گئی ہے۔