458

نمک کے ذرے سے بھی چھوٹا کمپیوٹر

ٹیکنالوجی کے اس دور میں دن بدن نت نئی مصنوعات سامنے آرہی ہیں اور ہر چیز کا مختصر سے مختصر ورژن پیش کرنے کی دوڑ جاری ہے۔

ایسے میں ٹیکنالوجی کمپنی آئی بی ایم ایک ایسا کمپیوٹر متعارف کروانے جارہی ہے، جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے مختصر کمپیوٹر ہے، جو حقیقتاً نمک کے ذرے سے بھی چھوٹا ہے۔

میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق یہ مختصر ترین فون 19 مارچ کو 'آئی بی ایم تھنک 2018' کے نام سے منعقدہ کمپنی کی فلیگ شپ کانفرنس کے پہلے روز متعارف کروایا جائے گا۔

لیکن اس کے سائز پر نہ جائیں، کمپنی کے مطابق اس کمپیوٹر کی تیاری کی لاگت انتہائی کم ہے اور اس میں کئی ہزار ٹرانسسٹرز نصب ہیں، جو ڈیٹا کی مانیٹرنگ، مشاہدے، کمیونکیشن اور اس پر عملدرآمد میں مدد دیتے ہیں۔

آئی بی ایم کے مطابق یہ تو محض آغاز ہے، اگلے 5 برسوں میں کریپٹو گرافک اینکرز، جیسے کہ انک ڈوٹس اور نمک کے ذرے سے بھی چھوٹے کمپیوٹرز روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء اور ڈیوائسز میں نصب کیے جائیں گے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ کمپیوٹر کب ریلیز کیا جائے گا، تاہم آئی بی ایم کے ماہرین اس کے پہلے پروٹو ٹائپ کی آزمائش میں مصروف ہیں۔

لیکن ایک چیز تو واضح ہے کہ یہ کمپیوٹر اتنا چھوٹا ہوگا کہ اسے دیکھنے کے لیے آپ کو مائیکرو اسکوپ کی ضرورت پڑے گی۔