4

بشریٰ باجی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو گئیں: وزیر اطلاعات پنجاب

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا لاہور میں سکون ہے لوگ ناشتہ کر رہے ہیں اور چھٹی منا رہے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں کوئی افرا تفری نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں کوئی ایک بندہ باہر نہیں نکلا، پنجاب میں ان کے 104 ایم پی ایز ہیں، بشریٰ بی بی انقلاب کے لیے کیے جانے والے احتجاج میں شرکت نہیں کر سکتیں، بشریٰ باجی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو رہی ہیں، بشریٰ بی بی نے بیان دیکر فون بند کر دیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا میں روز انتظار کرتی ہوں کہ قاسم اور اس کا بھائی بھی باپ کے لیے آئیں، پی ٹی آئی کا انقلاب کہیں سڑک پر ہی رہ جائے گا، کےپی والے صرف تماشہ لگائیں گے، گنڈا پور صاحب بھی ابھی سو کر نہیں اٹھے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈا پور نے احتجاج کرنیوالے اساتذہ سے کہا کہ احتجاج میں شامل ہو جائیں مطالبات مان لیں گے، آج ورک فرام ہوم اور ورک فرام سٹی ہو گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کل ایف 10 اسلام آباد سے 3 دہشتگرد گرفتار کیے گئے، وہ کس کے مہمان تھے یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے جبکہ حکومت نے پنجاب اور کے پی سے راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں، مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہے جبکہ جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔