پاکستانی معروف اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے پاکستان اور بھارتی اداکاروں کے ایک ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویوں میں مختلف معاملات پر کھل کر بات کی، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے مابین کام کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور بھارتی اداکاروں کو حکومتی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ کام کی اجازت ہونی چاہیے۔ بلکہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ملکوں میں شوٹنگ کی بھی اجازت دینی چاہیے۔
پسندیدہ بھارتی اداکار کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مرحوم اداکار عرفان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیا اسی طرح انہیں آنجہانی اوم پوری سمیت اسی طرح کا کام کرنے والے بھارتی ادا کار پسند ہیں جبکہ نصیرالدین شاہ، پنکج کپور اورراج کمار جیسی اداکاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے بھارتی اداکار اوم پوری کے ساتھ اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے ساتھ کام کر کے نہ صرف مزہ آیا بلکہ انہوں نے ان کے تجربے سے بہت کچھ سیکھا۔
فہد مصطفیٰ نے دونوں ممالک کو ایک جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح بھارت میں پاکستانی ڈرا مے شوق سے دیکھے جاتے ہیں اسی طرح پاکستان میں بھی بھارتی فلمیں دیکھی جاتی ہیں اور پسند کی جاتی ہیں۔
ان کے خیال میں اگر دونوں ممالک ایک ساتھ کام کریں گے تو ان کے فنکاروں کو بہت فائدہ ہو سکتا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ انکی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کو نہ صرف کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے بلکہ دونوں ممالک میں شوٹنگ کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔ کیونکہ اس طرح انہیں کسی تیسرے ملک میں جاکر شوٹنگ کرے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔