6

انسداد اسمگلنگ آپریشنز میں 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

راولپنڈی:

اے این ایف کے انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے دوران 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں 11 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کرکے 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 37 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے  90 گرام چرس برآمد کرلی۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

علاوہ ازیں مانسہرہ میں جی ٹی روڈ پر کار کے خفیہ خانوں سے 8 کلو گرام چرس برآمد کرکے  ملزم  کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح برہان انٹرچینج اٹک کے قریب 2 ملزمان سے مجموعی طور پر 4.400 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ مانسہرہ میں ہوٹل کے قریب ایک اور کارروائی کے  دوران گاڑی سے 7 کلو گرام چرس  برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

اُدھر سرگودھا میں یونیورسٹی روڈ کے قریب 2  ملزمان سے 5 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ گجرات میں شاہین چوک کے قریب ٹرک میں چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس اور ایک  کلو آئس برآمد کرکے  ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایم ون ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب مسافر بس میں سوار 2 ملزمان سے 4.100 کلو گرام چرس اور ایک  کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔ وزیر آباد روڈ سیالکوٹ میں ملزم سے ایک  کلو گرام افیون اور 100 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ ڈی جی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے ایک  کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔

 پشاور میں حیات آباد  کے قریب لاوارث کار سے ایک کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ مظفر گڑھ روڈ  ملتان کے قریب ملزم سے 465 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔