8

15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز

اسلام آباد : ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوگیا۔

حج درخواست کے ہمراہ دو لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے، دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی، یکم تا 10 فروری بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوں گے۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کا کوٹا 89 ہزار 605 مختص ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں، بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یک مشت ادائیگی کرنا ہوگی۔

ترجمان کے مطابق وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا، خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی، اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت دستیاب ہوگی، سرکاری حج پیکیج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب، ویکسین شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی، ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین سفر حج پر روانہ نہیں ہوسکیں گی، 12 سال سے کم عمر بچے سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رہنمائی میسر ہوگی۔