12

لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباداورملتان ڈویژنز میں ماسک پہننا لازمی قرار

بڑھتی سموگ کے پیش نظر پنجاب کے 4 ڈویژنز میں ماسک پہننا لازمی قراردیدیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اورملتان ڈویژنزمیں ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے،محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے لوگوں کو کیمیائی مادوں کے اثرات سے بچانے کے لیے فیصلہ کیا گیا، باہر نکلتے ہوئے ماسک پہننے کی پابندی کی جائے گی،اطلاق 31جنوری تک ہوگا۔

دوسری جانب سموگ کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ ماحولیات نے سموگ وار روم قائم کردیا،سموگ وار روم میں 8 محکموں کے افسران کو شامل کیا گیا ہے۔

سموگ وار روم میں محکمہ زراعت، سپارکو، ایل ڈبلیوایم سی کے افسران شامل ہیں،محکمہ ماحولیات، لوکل گورنمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے افسران بھی موجود ہونگے۔

اربن یونٹ کے فوکل پرسن کو بھی اسموگ وار روم کا حصہ بنایا گیا ہے،ترجمان محکمہ ماحولیات کے مطابق سموگ وار روم کمیٹی ممبران موسم اور فضا کی فارکاسٹ کا جائزہ لیں گے۔

کمیٹی فیلڈ افسران کی کارکردگی اور اقدامات کا جائزہ روزانہ کی سطح پر لے گی،انچارج کمیٹی روزانہ ڈی جی ماحولیات کی منظوری کے بعد ایڈوائزری جاری کریں گے۔