9

ورزش سےکینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے : تحقیق

ورزش ہر ایک کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر اسے کرنے کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟

اس بات کا تعین کرنا تو آسان نہیں مگر کینسر جیسے جان لیوا مرض کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو صبح اور شام کو ورزش کرنا بہترین ہے۔

یہ دعویٰ جرمنی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں کیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں کا وقت کینسر سے تحفظ دینے میں 'اہم کردار' ادا کرسکتا ہے۔

درحقیقت صبح یا شام میں جسمانی طور پر زیادہ متحرک رہنے سے آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 11 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

خیال رہے کہ آنتوں کا کینسر دنیا میں سرطان کی تیسری سب سے عام قسم ہے اور دنیا بھر میں اس کے کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

Regensburg یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 42 سے 79 سال کی عمر کے 86 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا کلائی میں ایک ڈیوائس پہنا کر اکٹھا کیا گیا تھا۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 5 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا جس دوران آنتوں کے کینسر کے 529 کیسز سامنے آئے۔

تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ یہ افراد کس وقت ورزش کرتے ہیں اور جسمانی سرگرمیوں کے اوقات سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے دریافت کیا کہ صبح 8 بجے اور شام 6 بجے ورزش کرنے سے آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ صبح اور شام میں جسمانی طور پر سرگرم رہنے والے افراد میں آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 11 فیصد تک گھٹ جاتا ہے جبکہ دن کے دیگر اوقات میں ورزش کرنے سے اس مرض کے خطرے میں 6 فیصد تک کمی آتی ہے۔

تمباکو نوشی، شفٹ ورک اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھنے پر یہی ثابت ہوا کہ صبح یا شام کو ورزش کرنے سے کینسر سے بچنے میں زیادہ مدد ملتی ہے۔

محققین کے مطابق ہماری تحقیق سے یہ پتا چلتا ہے کہ جسمانی سرگرمیاں نہ صرف کینسر سے بچنے کے لیے اہم ہیں بلکہ ان کا وقت بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اوقات جب جسمانی سرگرمیاں سب سے زیادہ مفید ہوتی ہیں، ان کی شناخت سے لوگوں کو بہت زیادہ مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر مزید تحقیقی کام میں نتائج کی تصدیق ہوئی تو یہ کینسر کا خطرہ کم کرنے کا آسان اور موثر طریقہ ثابت ہوگا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئے۔