17

انسٹاگرام کی ویڈیو فیچر میں بڑی تبدیلی

فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اپنے ویڈیو فیچر میں اہم تبدیلی پیش کر دی۔ تبدیلی کے بعد ویڈیو کا معیار ویڈیو کی مقبولیت پر منحصر ہوگا۔

حال ہی میں ایک سیشن کے دوران انسٹاگرام ہیڈ ایڈم موسیری نے تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ویڈیو کافی عرصے تک نہ دیکھی جائے تو پلیٹ فارم اس کی کوالٹی کو کم کر دیتا ہے جبکہ اگر کوئی ویڈیو مقبول ہوجائے تو اس کا معیار واپس بحال ہوجاتا ہے۔

ایڈم موسیری کا کہنا تھا کہ معیار میں کمی کا ہونا ایک مجموعی سطح پر کام کرتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی سمجھتی ہے ان تخلیق کاروں کو بہتر کوالٹی ملنی چاہیئے جو زیادہ ویوز رکھتے ہیں۔ یہ کوئی بائنری تھریشولڈ نہیں بلکہ ایک سلائیڈنگ اسکیل ہے۔

عام زبان مین انسٹاگرام ویڈیو کی کوالٹی میں تبدیلی اپنے سرور پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کرتا ہے تاکہ توانائی کو بچایا جا سکے۔ ہلکی کوالٹی کی فائلیں زیادہ اسٹوریج نہیں لیتی جس سے کمپنی بڑے پیمانے پر اسٹوریج بچا لیتی۔