2

چیٹ جی پی ٹی کو ہر ہفتے کتنے افراد استعمال کرتے ہیں؟

انٹرنیٹ کی دنیا میں ایک نئی سروس نے صارفین کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے ٹک ٹاک اور انسٹا گرام جیسی مقبول ایپس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اوپن اے آئی نامی کمپنی کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ قرار دیا گیا ہے۔

اوپن اے آئی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہر ہفتے 25 کروڑ افراد چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرتے ہیں۔

اس سے قبل اگست 2024 کے آخر میں کمپنی نے بتایا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی کو ہر ہفتے استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 20 کروڑ ہے۔

یعنی چند ہفتوں میں 5 کروڑ نئے صارفین نے اس سروس کو استعمال کرنا شروع کیا۔

جون 2024 کو نیویارک ٹائمز نے ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی کے ماہانہ صارفین کی تعداد 35 کروڑ ہے۔

یہ واضح نہیں کہ ان میں سے کتنے افراد اس سروس کو مفت استعمال کرتے ہیں اور کتنے ماہانہ فیس ادا کرتے ہیں۔

چیٹ جی پی ٹی کے صارفین کی تعداد میں آئندہ چند ماہ کے دوران مزید اضافے کا امکان ہے کیونکہ آئی فونز میں ایپل انٹیلی جنس ماڈل اوپن اے آئی کے پروگرام پر ہی مبنی ہے۔