22

ڈاکٹر ذاکر نائک کی مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات

  اسلام آباد: ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک نے جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی، دونوں شخصیات نے ایک دوسرے کو تحائف بھی پیش کیے۔

 

ڈاکٹر ذاکر نائک کے ہمراہ ان کے صاحبزادے طارق نائک بھی موجود تھے، مولانا فضل الرحمان نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ مذہبی اسکالر کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر ذاکرنائیک نے مولانا فضل الرحمان کو پرفیوم کا تحفہ پیش کیا اور سربراہ جے یو آئی کی اقتداء میں نماز مغرب بھی ادا کی۔

مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی ہے، اللہ تعالیٰ آپ کی پاکستان تشریف آوری کو آپ کے مشن میں مزید برکت کا سبب بنائے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس طریقے سے ڈاکٹر صاحب سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے،  کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا اور امت مسلمہ کا اتحاد و اتفاق مشترکہ ہدف ہے، ڈاکٹرصاحب یہاں مہمان نہیں میزبان ہیں یہ ان کا اپنا گھر ہے۔

ڈاکٹر ذاکر نائک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی۔ کل کچھ دوست ملنے آئے لیکن میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کروں گا۔

 

ڈاکٹرذاکرنائیک نے کہا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا، پھر قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا سب اچھا پیشہ دعوت کا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ میں اپنائیت محسوس کر رہا ہوں۔

اس موقع پر مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا اسعد محمود ، مولانا امجد خان، اسلم غوری، مولانا عبدالواسع، مولانا راشد سومرو، مولانا مصباح الدین، نور عالم خان، مولانا محمود شاہ، مفتی اویس عزیز، مفتی اسجد محمود و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔