444

بلڈ پریشر ناپنے والا اسمارٹ فون تیار کرلیا گیا

مشی گن: بلڈ پریشرکے مریض اپنے فشارِ خون کے اتار چڑھاؤ سے بہت فکر مند رہتے ہیں۔ ان کےلیے بار بار ڈاکٹر یا کسی کلینک جانا پڑتا ہے یا پھر گھر میں بلڈ پریشر ناپنے کےلیے برقی یا روایتی آلات ساتھ رکھتے ہیں۔ لیکن اب اچھی خبر یہ ہے کہ اسمارٹ فون کے ذریعے بھی بلڈ پریشر کی پیمائش لی جاسکتی ہے۔

مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی کے انجینئروں نے ایک ایسا کیس (خانہ) بنایا ہے جو کسی بھی اسمارٹ فون کی پشت سے جڑ سکتا ہے۔ ایک سینٹی میٹر موٹے اس کیس میں کئی سینسر لگے ہیں جو انگلی اندر داخل کرنے پر بلڈ پریشر کی خبر دیتے ہیں اور انہیں اسمارٹ فون کی ایپ سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ کیس میں دباؤ کو ناپنے والا ایک سینسر لگا ہے جبکہ اس کے اوپر ایک اور آپٹیکل سنسر نصب کیا گیا ہے۔

استعمال کےلیے کیس یا کیس لگے فون کو دل کے مقام تک لانا پڑتا ہے۔ اس کے بعد انگشتِ شہادت کو سینسر پر رکھ کر دبانا ہوگا۔ اس کے بعد  فون کی ایپ بلیو ٹوتھ کے ذریعے اس دباؤ کو ناپتی اور دباؤ کم یا زیادہ ہونے کی صورت میں ڈسپلے کے ذریعے مریض کو درست دباؤ ڈالنے کی رہنمائی کرتی ہے۔ اس طرح مریض سینسر پر اپنی انگلی سے درست دباؤ ڈالتا ہے۔