12

فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں اور ہم حکومتی جماعتوں کیساتھ مشاورت کر رہے ہیں: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ  نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے مولانا فضل الرحمان مشاورت کر رہے ہیں، وہ اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ آئین میں جب ترمیم ہوتی ہے تو ایک ایک نقطہ پر رائے لی جاتی ہے، وسیع سیاسی مشاورت مکمل نہیں ہوتی اس لیے تاخیر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے مولانا فضل الرحمان ملاقات کرر ہے ہیں اور ہم حکومتی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں، مشاورت کا مقصد عوام کی بہتری اور بھلائی ہے، پارلیمنٹ قانون اور آئین میں ترمیم کر سکتی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان ایک ایک شق اور نکتے پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کررہے ہیں، آئین میں ترمیم کی جاتی ہے تو ایک ایک لفظ پر غور کیا جاتاہے، جب تک وسیع پرمشاورت مکمل نہیں ہوتا آگے بڑھنا مشکل ہوتا ہے، تمام پارٹیوں کے آئینی ماہرین موجودہیں، مشاورت ہورہی ہے اور کوشش کی جارہی ہے اتفاق رائے پر پہنچا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ مشاورت مکمل ہونے تک ترامیم پیش نہیں کی جاسکتیں،  مشاورت کے بعد کوشش ہوگی آج ہی اس پر پیشرفت ہو، تاخیر اس لیے ہوئی کہ مشاورت کا دائرہ کار وسیع کیا گیا، اپوزیشن جماعتوں سے مولانا فضل الرحمان مشاورت کر رہے ہیں، مولانا اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لے رہے ہیں۔