12

یوٹیوب کو ٹکر دینے کیلئے ایکس (ٹوئٹر) کی ٹی وی ایپ پیش کر دی

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) میں پوسٹ کی جانے والی طویل ویڈیوز کو اب اسمارٹ ٹیلی ویژن (ٹی وی) پر دیکھنا ممکن ہو گیا ہے۔

ایکس کے مالک ایلون مسک نے ایکس ٹی وی ایپ متعارف کرانے کا اعلان کیا جو اب محدود صارفین کو دستیاب ہے۔

مخصوص کمپنیوں کے ٹی وی ماڈلز میں یہ ایپ کام کرے گی۔

ایکس کی جانب سے یوٹیوب کو ٹکر دینے کے لیے یہ ٹی وی ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔

اسے استعمال کرنے کے لیے ایک ایکس اکاؤنٹ پر لاگ ان ہونا ضروری ہوگا۔

خیال رہے کہ ایکس کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین 2 گھنٹے طویل ویڈیو اس پلیٹ فارم پر پوسٹ کر سکتے ہیں۔

ایلون مسک ایکس کو ویڈیو فرسٹ پلیٹ فارم میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ کمپنی کی اشتہاری آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔

اس سے قبل اکتوبر 2023 میں ایکس میں ویڈیو اور آڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا جو اب تمام صارفین کو دستیاب ہے۔

یہ نئی تبدیلیاں ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔

ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔