287

ورکر کنونشن میں خواجہ آصف پر سیاہی پھینک دی گئی

لاہور ۔سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینک دی گئی۔ خواجہ آصف سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے کہ ایک شخص نے اچانک پیچھے سے ان پر سیاہی پھینک دی۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے وزیر خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ سیاہی پھینکنے والے شخص کو کسی نے بھیجا ہے اور چار پیسے دے کر مجھ پر سیاہی پھینکوائی گئی لیکن اسے چھوڑ دیں کیونکہ میری اس سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی پھینکنے سے میری سیاست کو فرق نہیں پڑتا بلکہ اب بھی ہزاروں لوگ میرے لیے دعا گو ہیں۔

خواجہ آصف کی جانب سے سیاہی پھینکنے والے شخص کو چھوڑنے کا کہنے پر کارکنوں کی جانب سے نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔ خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر داخلہ احسن اقبال پر بھی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ایک شخص نے ان کی جانب جوتا اچھال دیا تھا۔