راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ فراڈ الیکشن کے باعث ہم سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ فراڈ الیکشن کی وجہ سے ہم سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں۔ ملک کے لیے معیشت سب سے بڑا چیلنج ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سنا تھا 50 سال میں سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی ہے اب پتہ چلا ہے کہ اس سال تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی۔ ملکی امدن نہیں ہے قرض بڑھ رہے ہیں ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں صوبائیت کا بہت بڑا خطرہ ہے۔ بلوچستان دہشت گردی پر پنجاب میں احتجاج کروایا گیا۔بلوچستان کے جو حالات ہیں ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ پی ٹی آئی ملک کی واحدجماعت ہےجو چاروں صوبوں میں موجود ہے۔ ہم عوام کو متحد کر سکتے ہیں۔ سیاسی جماعتیں ہی عوام کا اکٹھا کرسکتی ہیں۔ جو یہ فیصلے کر رہے ہیں انہیں ملک کی فکر نہیں ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام اباد جلسہ ملتوی کرنے پر کارکنان میں غصہ ہے برا بھلا کہہ رہے ہیں پارٹی میں لڑائی ختم نہیں ہو رہی ہے۔ برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ کر گئے ان کے لیے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ مجھے پتہ ہے برے وقت میں کون سے لوگ چھوڑ کر گئے۔ بہت کم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بہت مشکل وقت میں پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا۔