امریکا میں لسٹیریا بیکٹیریا کے پھیلاؤ سے اب تک 8 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پکے ہوئے گوشت کے ٹھنڈے پارچوں یا Deli meat سے یہ بیکٹیریا امریکا کی مختلف ریاستوں میں پھیل رہا ہے۔
یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کی جانب سے بتایا گیا کہ فلوریڈا، نیو میکسیکو، Tennessee اور ساؤتھ کیرولائنا میں حالیہ دنوں میں اس بیکٹیریا کے پھیلاؤ سے 5 افراد ہلاک جبکہ 14 بیمار ہوئے۔
اب تک مجموعی طور پر اس بیکٹیریا سے 8 افراد ہلاک اور 57 بیمار ہوئے ہیں جن سب کو اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔
لسٹیریا ایسا بیکٹیریا ہے جو مختلف اشیا کی سطح جیسے گوشت کے ٹکڑوں میں زندہ رہتا ہے اور غذائیں فریز کیے جانے پر بھی اسے کچھ نہیں ہوتا۔
منجمد ہونے سے تو بیکٹیریا مرتا نہیں مگر غذا کو کھانے سے قبل مناسب درجہ حرارت پر گرم کرنے پر اس کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔
سی ڈی سی کے مطابق لیبارٹری اور دیگر ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ deli meat پراڈکٹس سے یہ بیکٹیریا پھیلا ہے۔
اس بیکٹیریا کے شکار افراد میں بخار، کپکپی اور سر درد جیسی علامات سامنے آتی ہیں جبکہ کچھ مریضوں میں اس کا دورانیہ 10 ہفتوں تک ہو سکتا ہے۔
بیکٹیریا کے پھیلاؤ کا باعث والی مصنوعات کو واپس طلب کیا گیا ہے اور سی ڈی سی نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ واپس طلب کیے گئے گوشت کو کھانے سے گریز کریں۔