23

غزہ، پولیو ویکسین کے حوالے سے بڑی خبر

غزہ: وزارت صحت غزہ نے کہا ہے کہ اسے پولیو ویکسین کی 1.26 ملین خوارکیں موصول ہو گئی ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کو پولیو ویکسین کی 10 لاکھ 26 ہزار ڈوزز مل گئی ہیں جس کے بعد اب وہ غزہ میں بچوں کو ویکسین فراہم کرنے کے کے لیے ایک مہم شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق غزہ 25 سال تک پولیو سے پاک رہا تھا، اتنے عرصے بعد اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں اب ایک 10 ماہ کا بچہ اس وائرس سے متاثر ہوا اور اس ماہ کے شروع میں فالج کا شکار ہو گیا۔

غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے قبل 99 فی صد آبادی کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق اب یہ تعداد 86 فی صد ہے۔

امدادی گروپوں کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فورسز نے پانی اور صفائی کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے پولیو وائرس نے دوبارہ سر اٹھایا، جون میں خان یونس اور دیر البلح میں جمع گندے پانی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن میں مدد کے لیے 2,700 ہیلتھ ورکرز کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے، لیکن ان کا کہنا ہے کہ جنگ میں دو الگ الگ 7 دن کے وقفوں کی ضرورت ہے، تاکہ 10 سال سے کم عمر کے 6 لاکھ 40 ہزار بچوں کو 2 خوراکیں دیا جانا یقینی بنایا جا سکے۔

وائرس کے دوبارہ ابھرنے کے باوجود اسرائیل کی فوج نے غزہ کے انفرااسٹرکچر کو تباہ کرنا جاری رکھا ہوا ہے، اور بڑے پیمانے پر انخلا کے احکامات جاری بھی کیے ہیں، جس کی وجہ سے فلسطینیوں کو بھیڑ والے علاقوں میں صاف پانی اور صفائی کی سروسز تک رسائی سخت مشکل ہو چکی ہے۔